بھٹکل،21؍جون (ایس او نیوز)بھٹکل جالی پٹن پنچایت کے لئے چیف آفیسر کے تقرر کا مطالبہ کرتے ہوئے پنچایت کے اراکین نے تحصیلدار کو میمورنڈم دیا۔
اس میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ20اراکین والی جالی پٹن پنچایت کی تشکیل 14ستمبر 2015کو ہوئی تھی، لیکن آج تک یہاں چیف آفیسر کا تقرر نہیں کیا گیا ہے اور صرف عبوری چیف آفیسر سے کام چلایا جارہا ہے، اور عبوری چیف آفیسرکے لئے پٹن پنچایت میں بروقت دستیاب رہنا ممکن نہیں ہوتا۔اس وجہ سے یہاں کا کام کاج متاثر ہورہا ہے۔پنچایت اراکین کے لئے اپنے وارڈوں میں ترقیاتی کام انجام دینے، عوام کے لئے ٹیکس ادا کرنے اور دوسرے اہم امور انجام دینے کے لئے عبوری چیف آفیسر کا انتظار کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوتا۔
اس لئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ جتنی جلد ممکن ہوجالی پٹن پنچایت کے لئے ایک مستقل چیف آفیسرکا تقرر کیا جائے، اور پنچایت اراکین اور عوام کوپیش آرہے مسائل کو جلدازجلد حل کردیا جائے۔